واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی
کابل: ۲۵؍مئی: (ایجنسی) افغانستان میں مقامی عدالتی عملے کی بس پر خودکش حملے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق افغان دارالحکومت کابل کے قریب ضلع پاغام میں خودکش حملہ آور نے اس وقت اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا جب سرکاری اہلکاروں سے بھری بس وہاں سے گزررہی تھی۔ دھماکے میں 10 افراد ہلاک جب کہ 4 زخمی
ہوگئے۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ خودکش حملے کا نشانہ بننے والی بس میں عدالتی عملے کے افراد سوار تھے۔واقعے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے حملوں میں عام طور پر طالبان ملوث ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ سرکاری اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب افغان طالبان نے ملااخترمنصور کی ہلاکت اور اپنے نیے امیر کی تقرری کا اعلان کیا۔